نئی دہلی،یکم دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہریانہ-دہلی کے درمیان سنگھو بارڈر پر جاری کسانوں کے مظاہرہ میں شامل ہونے پہنچیں شاہین باغ کی بلقیس دادی کو دہلی پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ بلقیس دادی جیسے ہی مظاہرہ کے مقام پر پہنچیں، فوراً ہی پہلے سے موجود دہلی پولس کے افسران نے انھیں گھیر لیا اور پھر خاتون پولس کی مدد سے انھیں حراست میں لے لیا۔
اس سے قبل آج دن میں کسانوں کی تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلقیس دادی نے کہا تھا کہ ’’ہم سبھی کسانوں کی بیٹیاں ہیں۔ ہم آج کسانوں کی حمایت کرنے جائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم اپنی آواز اٹھائیں گے، حکومت کو ہماری بات سننی چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں شروع ہوئی خواتین کی تحریک میں 86 سالہ بلقیس دادی بھی شامل تھیں۔ پورے ملک اور دنیا میں ’احتجاج کا چہرہ‘ بن کر ابھرے شاہین باغ کے ساتھ ہی بلقیس دادی بھی احتجاجی مظاہرہ کی علامت کی شکل میں پوری دنیا میں مشہور ہو گئیں۔ حال ہی میں ان کے اس کارنامے کے لیے ’ٹائم‘ نے انھیں اعزاز بخشتے ہوئے میگزین میں جگہ دی تھی۔
بشکریہ: قومی آواز